بیجنگ(شِنہوا)چین کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی وزارت نے بتایا ہے کہ ریاستی کونسل کی ورک سیفٹی کمیٹی نے چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے دارالحکومت کونمنگ میں ایک ریلوے پٹڑی پر مرمت کا کام کرنے والے کارکنوں کو آزمائشی ٹرین کی ٹکر کے واقعہ کی تحقیقات کی نگرانی کا حکم دیا ہے۔
یہ حادثہ کونمنگ کے لو یانگ ژین سٹیشن پر پیش آیا، جس میں 11 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی جامع تحقیقات اور ایسی مضبوط حفاظتی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔
ریاستی کونسل ورک سیفٹی کمیٹی، قومی ریلوے انتظامیہ اور چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے حکام پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کو ہنگامی ردعمل اور تحقیقات کی قیادت کے لئے جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ہے۔




