انڈونیشیاء میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونیوالی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور تعداد 84 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس ہفتے سماترا جزیرے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد آنیوالے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
شمالی سماترا پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 84 ہوگئی ہے جبکہ 95 افراد زخمی ہیں اور کم از کم 65 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں اورہماری ساری توجہ بچائو اور امدادی سرگرمیوں پر مرکوز ہے تاہم کچھ علاقوں میں رسائی اور مواصلات تاحال منقطع ہیں۔
شمالی سماترا کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر سیبولگا میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں،مغربی صوبہ آچے میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 1,500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے تاہم عملہ بجلی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے۔
حالیہ شدید بارشوں سے انڈونیشیا کیساتھ ساتھ ملائشیا اور تھائی لینڈ بھی متاثر ہوئے ہیں۔




