اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)سے پاکستان کو توانائی کے بنیادی ڈھانچے، صنعتوں کے قیام اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے پائے جانے والے ترقیاتی خلا کوایک چھوٹے قرض کے ذریعے دورکرنے میں مدد ملی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو سی پیک کے بارے میں غیر ملکی میڈیا رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ایک تبدیلی کا منصوبہ ہے جس نے پاکستان کی قومی ترقی میں مثبت اور شفاف طریقے سے کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سی پیک کو پاکستان کے تمام صوبوں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے حمایت اور مقبولیت حاصل ہے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری کی کامیابی اور اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ علاقائی اقتصادی رابطے کا یہ منصوبہ پورے خطے میں وسیع البنیاد ترقی کے لیے ایک اہم محرک ہوگا۔
