ہفتہ, نومبر 29, 2025
تازہ ترینچینی گاڑیوں نے جوہانسبرگ جی 20 سربراہ اجلاس میں منفرد چینی رنگ...

چینی گاڑیوں نے جوہانسبرگ جی 20 سربراہ اجلاس میں منفرد چینی رنگ بھر دیا

جوہانسبرگ(شِنہوا)جیسے ہی گروپ آف 20 ( جی 20) سربراہ اجلاس کا ہفتہ کے روز جنوبی افریقہ کے اقتصادی مرکز جوہانسبرگ میں افریقی براعظم میں پہلی بار آغاز ہوا، چینی گاڑیاں ہوائی اڈے، ہوٹلوں اور اجلاس کے مقامات کے درمیان چلتی دیکھی گئیں، جس نے اس تقریب میں ایک نمایاں چینی رنگ بھر دیا۔

چین کی کار ساز کمپنیاں جے ٹور، بی اے آئی سی اور چیری نے اس کانفرنس کے شٹل بیڑے کے حصے کے طور پر سینکڑوں گاڑیاں فراہم کی ہیں۔ جے ٹور نے 70  گاڑیاں فراہم کی ہیں جو کسی  چینی برانڈ کا سب سے بڑا حصہ ہے۔

ان گاڑیوں کی سپانسرشپ  کو فروری کے شروع میں جنوبی افریقہ کےمحکمہ بین الاقوامی تعلقات اور تعاون کے ساتھ حتمی شکل دی گئی تھی۔

جے ٹور کے بین الاقوامی امور کے صدر ، کے چھوان ڈینگ نے  بتایا کہ جنوبی افریقہ کے محکمے نے ہماری ٹی 2 ایس یو وی ماڈل، جو اس وقت تک مارکیٹ میں داخل نہیں ہوا تھا، کے معائنے کے فوری بعد یہ معاہدہ کیا، جو جنوبی افریقہ  کا چینی گاڑیوں کے برانڈز پر اعتماد  اور ہماری مصنوعات  پر بھروسے کی عکاسی  کرتا ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران جنوبی افریقہ کی سڑکوں پر چینی گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ بی وائی  ڈی اور جے ٹور شہری خریداروں بالخصوص نوجوان صارفین میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔

ایک نوجوان جنوبی افریقی صارف چارمین اسپینجن برگ نے کہا کہ چین کی کار ساز کمپنیاں اپنی جدید ٹیکنالوجی خصوصیات، جدید سٹائل اور مسابقتی قیمت، جن  کا روایتی کمپنیوں کے لئے مقابلہ کرنا مشکل ہے، کے ساتھ جنوبی افریقہ میں مضبوط کشش حاصل کر رہی ہیں۔

براعظم افریقہ کا معاشی مرکز ہونے کے ناطے جنوبی افریقہ اپنی مستحکم گاڑی ساز صنعت کی وجہ سے ’’پہیوں پر قائم‘‘ ملک کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ ایک دہائی قبل جب سے گاڑیاں تیار کرنے والی چینی کمپنیاں اس منڈی میں داخل ہوئی ہیں، ایک درجن سے زیادہ چینی کمپنیوں نے یہاں اپنی جگہ بنائی ہے اور مستحکم فروخت حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی نیشنل ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق  ملک کی آٹوموٹو مارکیٹ 2024 میں بھی ترقی کرتی رہی، نئی گاڑیوں کی فروخت 5 لاکھ 15 ہزار 800 یونٹس تک پہنچ گئی، جو 2023 کے مقابلے میں 5.6 فیصد اضافہ ہے۔ اس دوران چینی برانڈز نے مضبوط  ترقی دکھائی اور  مارکیٹ کی مجموعی  فروخت میں 12.8 فیصد کا حصہ حاصل کیا۔

جی 20 سربراہ اجلاس کے سرکاری حفاظتی بیڑے کے حصے کے طور پر جے ٹور نے ٹی 2 ایس یو وی ماڈل فراہم کیا ہے، یہ ماڈل آرام اور تحفظ دونوں کو یکجا کرتا ہے اور اعلیٰ سطح کے سفارتی پروگرامز کے تقاضوں پر پورا اترتا ہے۔

جی 20 کے بیڑے میں چینی گاڑیوں کی موجودگی اس بات کا اشارہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر چین کے گاڑی ساز اداروں کے تاثر میں تبدیلی آئی ہے، جو اب صرف مارکیٹ کے کھلاڑی نہیں بلکہ قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر دیکھے جاتے ہیں جو بڑے عالمی پروگراموں کی معاونت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!