صدر مملکت آصف زرداری نے لبنان کے یوم آزادی پر لبنانی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان لبنان کیساتھ دیرینہ وابستگی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفید تعلق کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں، ہم خطے اور دنیا کے متعدد مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں، پاکستان لبنان کیساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس باہمی مفید تعلق کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ لبنان استحکام، ترقی اور خوشحالی کے مستقبل کی جانب پیش قدمی جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دو طرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس میں عالمی فورمز پر ہماری مشترکہ کاوشیں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی لبنان کیخلاف فوجی جارحیت، لبنانی خودمختاری کی بارہا خلاف ورزیوں اور شہری علاقوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جو عالمی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور جنگ بندی کے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لبنان کی اس اپیل کی مکمل حمایت کرتے ہیں کہ جنگ بندی کے ضامن ممالک اپنے فرائض پورے کریں اور اسرائیل پر دبائو ڈالیں کہ وہ اپنی جارحانہ کارروائیاں بند کرے، اسرائیلی قابض افواج کو جنگ بندی کے تحت طے شدہ معاہدے کے مطابق جنوبی لبنان سے واپس جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ بندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور بے گھر ہونے والے لبنانی شہریوں کی محفوظ واپسی میں مدد کی جائے۔




