ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی10 لیگ کے ایک میچ کے بعد سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کے فاسٹ بولر شانواز دھانی سے مصافحہ کیا جس نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی، اس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصافحہ ناردرن وارئیرز اور ایسپن اسٹیلینز کے مقابلے کے فورا بعد ہوا جہاں دھانی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں صرف 8 رنز کا دفاع کیا اور ٹیم کو ٹورنامنٹ کی پہلی کامیابی دلائی، وارئیرز نے اسٹیلینز کو سنسنی خیز مقابلے میں چار رنز سے شکست دی۔
آخری اوور کے آغاز پر اسٹیلینز 107 رنز پر چار کھلاڑی آٹ کیساتھ جیت کے قریب تھے لیکن دھانی نے صرف دو رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا رخ یکسر بدل دیا اسکے بعد کپتان ہربھجن سنگھ خود بیٹنگ کیلئے آئے لیکن آخری دو گیندوں پر درکار چھ رنز پورے نہ کر سکے، وہ آخری گیند پر رن آٹ ہوگئے یوں میچ وارئیرز کے نام رہا۔
میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی روایتی طور پر ہاتھ ملانے کیلئے ایک دوسرے کے پاس آئے، ہربھجن سنگھ نے دھانی کیساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا جسے دیکھ کر سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہوا، مداحوں نے اسے کھیل کی اچھی روح قرار دیا جبکہ کچھ صارفین نے سابق بھارتی سپنر کو انکی پچھلی پالیسیوں کے برعکس رویے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔




