کولمبو(شِنہوا)سری لنکا میں قائم چین کے ثقافتی مرکز نے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اپنی لائبریری کا افتتاح کردیا۔
تقریب میں مختلف اداروں کے مہمانوں نے شرکت کی جن میں سری لنکا چائنہ سوسائٹی، سری لنکا۔چین سماجی و ثقافتی تعاون ایسوسی ایشن، سری لنکا کا قومی عجائب گھر اور نیشنل لائبریری کے نمائندے شامل تھے۔
سری لنکا۔چین سماجی و ثقافتی تعاون ایسوسی ایشن کے صدر اندرا نندا ابے سیکیرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کا افتتاح اس بات کی علامت ہے کہ اب سری لنکا کے محققین اور چین کے بارے میں جاننے کے خواہش مند افراد کو چین کی تہذیب کو منظم انداز میں سمجھنے کا ایک نیا اور غیر معمولی موقع ملا ہے۔
سری لنکا میں چین ثقافتی مرکز کے سربراہ نی لی شینگ نے کہا کہ یہ لائبریری صرف مطالعہ کی جگہ نہیں ہوگی بلکہ ایک ثقافتی تبادلے کا ذریعہ بھی بنے گی جہاں لوگ چینی ثقافت اور جدید چین کی متحرک ترقی کے بارے میں بہتر انداز میں جان سکیں گے۔
لائبریری میں اس وقت 4500 کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے، جن میں چینی تاریخ، فن، ادب اور سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لائبریری میں ایک الیکٹرانک مینجمنٹ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے جو قارئین کے لئے مطالعے اور کتابوں کے اجرا کے عمل کو ہموار اور آسان بناتا ہے۔




