چین کے نائب صدر ہان ژینگ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
دوحہ(شِنہوا)چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے کہ چین قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کواعلیٰ سطح پر لے جانے کے لئے تیار ہے۔
ہان، جو ان دنوں دوسرے عالمی سماجی ترقی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہیں، نے یہ بات امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ ملاقات میں کہی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے امیرقطر کو صدر شی جن پھنگ کا خیر سگالی کا گرمجوش پیغام پہنچایا۔ انہوں نے قطر کی طرف سے دوسرےعالمی سماجی ترقی سربراہ اجلاس، جو منگل سے جمعرات تک دوحہ میں منعقد ہو گا، کی میزبانی کرنے پر چین کی حمایت کا اعادہ کیا اور سربراہ اجلاس کی بھرپور کامیابی کے لئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ قطر مشرق وسطیٰ میں منفرد اورغیر معمولی اثرورسوخ رکھتا ہے اور چین کا ایک اہم تزویراتی شراکت دار ہے۔انہوں نے زور دیا کہ چین نے ہمیشہ قطرکےساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے حالیہ چوتھے مکمل اجلاس میں 15 ویں پانچ سالہ منصوبے (2026۔2030) کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنی ترقی کے ذریعے دنیا کو فائدہ پہنچانے کے لئے پرعزم ہے، جس سے قطر کےساتھ دوستانہ تعاون کے قیمتی مواقع پیدا ہوں گے۔
ہان نے کہا کہ گہرا سیاسی باہمی اعتماد چین۔قطر تعلقات کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائےپرعملدرآمد کرنے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، دونوں ممالک کے اہم مفادات سے متعلق معاملات پر ایک دوسرے کی مدد جاری رکھنے اور توانائی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے قطر کےساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کو نئی سطح تک بلند کیا جا سکے۔
اس موقع پر امیر قطر نے دوسرےعالمی سماجی ترقی سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے پر ہان ژینگ کا شکریہ ادا کیا اور ان سے کہا کہ وہ میری نیک تمناؤں کا پیغام صدر شی جن پھنگ تک پہنچائیں۔امیر قطر نے چین کو اپنا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات قطر کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطر چین کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اپنی علاقائی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ میں چین کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہے اور ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک چین کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تیار ہے، ہم مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دیں گے، چین کے ساتھ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔




