چینی نائب صدر ہان ژینگ کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے کویت سٹی میں ملاقات کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
کویت سٹی(شِنہوا)چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کویت کے اپنے دورے کے موقع پر کہا ہے کہ چین کویت کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ عملی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
خلیجی ریاست میں قیام کے دوران ہان ژینگ نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، ولی عہد شیخ صباح الخالد الصباح اور وزیراعظم شیخ احمد العبداللہ الصباح سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
امیر کویت سے ملاقات میں نائب صدر ہان ژینگ نے چینی صدر شی جن پھنگ کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
ہان نے کہا کہ چین ہمیشہ کویت کے ساتھ اپنی دوستی کو عزیز رکھتا ہے اور تعلقات کی ترقی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2022 سے صدر شی اور امیر کویت دو بار ملاقات کر چکے ہیں اور اہم اتفاق رائے پر پہنچے ہیں جس نے چین-کویت تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لئے حکمت عملی پر مبنی رہنمائی فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے مکمل اجلاس نے واضح اشارہ دیا ہے کہ چین جامع اصلاحات کو مزید آگے بڑھا رہا ہے اور اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو وسعت دے رہا ہے جس سے چین-کویت تعلقات کی ترقی کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ہان نے کہا کہ چین کویت کے ساتھ مل کر باہمی سیاسی اعتماد کو گہرا کرنے، دونوں سربراہان کی موجودگی میں دستخط کئے گئے دوطرفہ تعاون کی دستاویزات پر عملدرآمد کرنے اور جلد از جلد ٹھوس پیش رفت حاصل کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ چین-کویت تزویراتی شراکت داری کی گہری اور ٹھوس ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
امیر کویت نے چینی صدر شی جن پھنگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کویت پہلی خلیجی عرب ریاست تھی جس نے عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے جو دوطرفہ تعلقات کی تزویراتی اور دور اندیش نوعیت کی عکاسی کرتا ہے۔
امیر کویت نے صدر شی کی جانب سے پیش کردہ عالمی ترقیاتی اقدام (جی ڈی آئی)، عالمی سلامتی اقدام (جی ایس آئی)، عالمی تہذیبی اقدام (جی سی آئی) اور حال ہی میں پیش کئے گئے عالمی گورننس اقدام (جی جی آئی) کی خاص طور پر تعریف اور حمایت کی۔
انہوں نے ایک چین کی پالیسی پر اپنے ملک کے پختہ یقین کا اعادہ کرتے ہوئے کویت کی جانب سے بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر میں چین کے ساتھ کام کرنے، متعلقہ دوطرفہ تعاون کی دستاویزات پر موثر طریقے سے عملدرآمد کرنے اور کویت-چین تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ہان نے کویت کے ولی عہد سے بات چیت کے دوران کہا کہ کویت مشرق وسطیٰ میں منفرد اور نمایاں اثر و رسوخ رکھنے والا ملک ہے۔ چین نے ہمیشہ علاقائی خارجہ پالیسی میں کویت کو ایک اہم مقام دیا ہے۔
کویت کے ولی عہد نے کہا کہ کویت اور چین کے درمیان دوستی قریبی اور مضبوط ہے اور کویت چین کے بنیادی مفادات کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ تعاون کو بڑھانے، دوطرفہ تعاون کے منصوبوں پر عملدرآمد کرنے اور کویت-چین تعلقات کی مزید ترقی کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
کویتی وزیراعظم سے ملاقات میں ہان نے کہا کہ چین اور کویت اچھے دوست اور شراکت دار ہیں اور حالیہ برسوں میں دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔



                                    
