چین کے مشرقی شہر شنگھائی کے ضلع شو ہوئی میں ووکانگ روڈ سیاحتی معلوماتی مرکز میں جرمنی کے سیاح نمائش دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
لندن(شِنہوا)چین کے مشرقی شہر شنگھائی کے ضلع شوہوئی نے لندن میں سرمایہ کاری کے فروغ کی ایک کانفرنس منعقد کی۔
اس موقع پر شنگھائی شوہوئی اوورسیز انویسٹمنٹ پروموشن سروس سنٹر (لندن، برطانیہ) کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔
ضلع شوہوئی کے سربراہ وانگ ہوا نے کہا کہ یہ ضلع قومی سطح پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا مرکز بنانے کا خواہاں ہے جبکہ جدید تجارت، ثقافتی و تخلیقی صنعتوں، صحت و زندگی، پیشہ ورانہ خدمات اور سائنسی و مالیاتی ٹیکنالوجی جیسے کلیدی شعبوں کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات برطانوی کمپنیوں سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
برطانوی محکمہ تجارت و کاروبار کے تخلیقی صنعت کے نائب سربراہ نیل سیمپل نے کہا کہ یہ تقریب لندن اور شنگھائی کے شوہوئی ضلع کے درمیان تعاون میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شوہوئی کاروبار اور تخلیقی صنعتوں کے لئے ایک متحرک بین الاقوامی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور چین باہمی تعاون سے تخلیقی، اقتصادی اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی پائیدار قدر پیدا کر سکتے ہیں۔
فی الحال شوہوئی ضلع میں 170 سے زائد برطانوی سرمایہ کاری والی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جن میں مجموعی برطانوی سرمایہ کاری تقریباً 30 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔




