جمعہ, اکتوبر 31, 2025
انٹرنیشنلچین اورسعودی عرب کا باہمی تعاون اور تعلقات کو مزیدفروغ دینےکا عزم

چین اورسعودی عرب کا باہمی تعاون اور تعلقات کو مزیدفروغ دینےکا عزم

چینی نائب صدر ہان ژینگ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے لئے الیمامہ پیلس آرہے ہیں۔(شِنہوا)

ریاض(شِنہوا)چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔

الیمامہ پیلس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہان نے صدر شی جن پھنگ کا نیک خواہشات کا پیغام سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کو پہنچایا۔

ہان نے سعودی عرب کو چین کا جامع تزویراتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی سفارت کاری میں سعودی عرب کو نمایاں مقام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 35 سال قبل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کےقیام کے بعد اور بالخصوص 2022 میں صدرشی کے سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد سے چین۔سعودی عرب تعلقات میں نئی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کا چوتھا مکمل اجلاس منعقد ہوا جس میں معاشی اور سماجی ترقی کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی، جس میں اس بات کا واضح اشارہ دیا گیا ہے کہ چین جامع اصلاحات کو مزید بڑھائے گا اور اعلیٰ سطح پر کھلے پن کو وسعت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین جدیدت میں حاصل کردہ اپنی کامیابیوں کے ذریعے دنیا کی ترقی میں زیادہ موثر کردار ادا کرےگا، جس سے چین اور سعودی عرب کے تعلقات کی مزید ترقی کے قیمتی مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کرنے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے، دونوں ممالک کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو وسعت دینے اور عوامی و ثقافتی تبادلے بڑھانے کے لئے سعودی عرب کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے تاکہ چین۔سعودی عرب  جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید بلند سطح تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین کثیرالجہتی امور میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مستحکم کرنے، اقوام متحدہ اور جی 20 جیسے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز میں ہم آہنگی کو فروغ دینے، عالمی نظم ونسق کو زیادہ منصفانہ اور مناسب سمت میں آگے بڑھانے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر  کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد نے ہان سے کہا کہ وہ صدر شی تک ان کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچائیں۔

چین کو دنیا کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور چین اچھے دوست اور شراکت دار ہیں، ان کے سیاسی تعلقات مضبوط اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، سعودی عرب ایک چین پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور چین کے درمیان تعاون باہمی فائدے پر مبنی ہے، سعودی عرب چین کے ساتھ معیشت و تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور معدنیات جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے تاکہ مشترکہ ترقی حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور چین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحت میں چین کی کوششوں کو بے حد سراہا اور فلسطینی مسئلے پر چین کے منصفانہ موقف کی قدر کی، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین خطے میں امن و استحکام کے قیام میں مزید بڑا کردار ادا کرے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!