کراچی سہراب گوٹھ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں فائرنگ کر کے ایک افغان شہری کو قتل کردیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام موقع پر پہنچے اور مقتول کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 25 سالہ زرین خالد ولد نور احمد کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب ایس ایچ او سہراب گوٹھ ممتاز مروت نے بتایا ہے کہ مقتول اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ اسی دوران دروازے پر دستک ہوئی، مقتول کی اہلیہ نے جیسے ہی گھر کا دروازہ کھولا تو 2 ملزمان زبردستی گھر میں داخل ہوگئے اور سوئے ہوئے زرین خان کے سر پر فائرنگ کرکے اسے قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔




