ایئربس نے بدھ کے روز چین کے شمالی بندرگاہی شہر تیانجن میں اے 320 فیملی طیاروں کی نئی فائنل اسمبلی لائن (ایف اے ایل) کا افتتاح کیا جو چین اور مجموعی طور پر ایشیا میں اپنی نوعیت کی دوسری لائن ہے۔
یہ نئی سہولت چین میں اے 320 فیملی کے طیاروں کی فائنل اسمبلی کی صلاحیت کو دوگنا کر دے گی۔ یہ اقدام چین کی ترقی کرتی ہوئی شہری ہوابازی کی منڈی، مضبوط سپلائی چین اور سازگار کاروباری ماحول پر ایئربس کے بھرپور اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
ایئربس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گیوم فاؤری نے بتایا کہ فائنل اسمبلی لائن کے ذریعے اے 320 طیارے فوزلاج (طیارے کا مرکزی ڈھانچہ) کے حصوں اور پروں جیسے بڑے پرزوں سے جوڑے جائیں گے، رنگ کیا جائے گا، باقاعدہ جانچ ہو گی اور پھر انہیں چین سمیت دنیا بھر کے گاہکوں کے حوالے کیا جائے گا۔
پہلے طیارے کی تیاری پر اس وقت کام جاری ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاؤری نے کہا کہ ہم تیانجن میں اپنے عالمی پیداوار نظام میں دوسری اسمبلی لائن کے اضافے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس سے ہمیں وہ لچک اور صلاحیت حاصل ہوگی جس کی بدولت ہم سال 2027 تک ہر ماہ اے 320 فیملی کے 75 طیارے تیار کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل کر سکیں گے۔
اب تک ایئربس کی اے 320 فیملی کا پیداواری نیٹ ورک دنیا بھر میں 10 فائنل اسمبلی لائنوں تک پھیل چکا ہےجن میں چار جرمنی، دو فرانس، دو امریکہ اور دو چین میں ہیں۔ تیانجن کی نئی اسمبلی لائن کمپنی کی مجموعی عالمی پیداواری صلاحیت میں 20 فیصد حصہ ڈالے گی۔
تیانجن، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ




