محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری سکولوں کی نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے ناقص نتائج پر تحقیقات شروع کردیں۔
ذرائع کے مطابق جن سکولوں کے نتائج 40فیصد سے کم رہے ہیں کے سربراہان و متعلقہ اساتذہ کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے متعلقہ سکولوں کے سربراہان اور سٹاف کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ نوشہرہ، صوابی اور مردان کے ضلعی ایجوکیشن افسران کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کا مقصد ناقص کارکردگی کی وجوہات کا تعین ،تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نتائج بہتر نہ بنانے والے سکول سربراہان اور اساتذہ کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی۔




