بدھ, اکتوبر 22, 2025
پاکستانمحسن نقوی سے فیصل کنڈی کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن وامان، دہشت...

محسن نقوی سے فیصل کنڈی کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن وامان، دہشت گردی بارے آپریشنز پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یکجہتی پاکستان و امن دشمن بھارتی حمایت یافتہ خوارج کیخلاف آپریشنز جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں قیام امن و انسداد دہشت گردی کیلئے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیرکو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور جاری آپریشنز بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں فتنہ الخوارج کیخلاف مختلف اضلاع میں جاری کارروائیوں، پاک افغان سرحدی حالات اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات ،متاثرہ عمارتوں کی ازسر نو بحالی پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سنٹر اور نادرا آفس ڈیرہ اسماعیل خان پر حملوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے بہادری سے دہشتگردی کے ناسور کا مقابلہ کر رہے ہیں،فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں، ان درندہ صفت عناصر کیخلاف آپریشنز جاری رہیں گے ،پاکستان کی سرزمین سے فتنہ الہندوستان کا خاتمہ کرکے دم لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام اور انسدادِ دہشتگردی کیلئے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی ہیں، صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے امن ناگزیر ہے اور ملک و قوم کے دشمنوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز وقت کی ضرورت ہیں۔

دونوں رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن یقینی بنانے کیلئے ملک دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھنے کا عزم کیا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!