ہفتہ, اکتوبر 18, 2025
بیلٹ اینڈ روڈ+سی پیکچین کے لکڑی مصنوعات میلے میں پاکستانی تاجروں کی بھرپور شرکت، نئے...

چین کے لکڑی مصنوعات میلے میں پاکستانی تاجروں کی بھرپور شرکت، نئے مواقع کی تلاش

چین میں رواں سال کے لکڑی کی مصنوعات کے میلے میں غیر ملکی تاجر حصہ لے رہے ہیں۔(شِنہوا)

جینان(شِنہوا)پاکستانی تاجر وسیم احمد نے چین کےمشرقی صوبہ شان ڈونگ کے شہر ہیزے کے تساؤشیان میں منعقدہ 20 ویں چین جنگلاتی مصنوعات تجارتی میلے میں لکڑی کے فرنیچر کے ایک سیٹ کو نرمی سے چھوتے ہوئے کہا کہ اس نقش و نگار کو دیکھیں تو اس میں مشرقی حسن ہے جو ہماری پسند سے بالکل مطابقت رکھتا ہے۔ جب انہوں نے پالش شدہ سطح پر ہاتھ پھیرا اور مورٹیس اور ٹینن جوڑوں کا معائنہ کیا تو ان کی آنکھوں میں تعریف کی چمک تھی۔

اس میلے میں 778 مقامی و غیر ملکی اداروں اور 20 ہزار سے زائد خریداروں نے شرکت کی۔ نمائشی ہالز میں زائرین کی بھیڑ لگی رہی، جو پینلز کی ساخت محسوس کر رہے تھے، مصنوعات کا موازنہ کر رہے تھے، معاہدے کر رہے تھے اور بھرپور تبادلہ خیال جاری تھا۔

چین کے سب سے بڑے اور ہمہ جہت جنگلاتی تجارتی میلے کے طور پر یہ میلہ نہ صرف ہیزے کے صنعتی میدان میں طاقت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی تعاون کے لئے بھی ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

ہجوم میں کئی پاکستانی تاجر نمایاں نظر آئے۔ وہ لکڑی کے نمونوں کا بغور مشاہدہ کر رہے تھے، مقامی نمائش کنندگان سے بات چیت کر رہے تھے اور پسندیدہ مصنوعات کی تصاویر لے رہے تھے۔ یہ سب سرحد پار تجارتی تبادلوں کی ایک زندہ مثال بن چکے تھے۔

وسیم احمد نے کہا کہ یہ ہیزے میں میری پہلی آمد ہے اور مجھے یہاں بہت گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔ یہ ایک نیا آغاز لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی صارفین لکڑی کی ساخت اور پائیداری کو بہت اہمیت دیتے ہیں، خاص طور پر وہ ڈیزائن پسند کرتے ہیں جن میں نفیس نقش و نگار اور ثقافتی جھلک ہو۔

چین کے شہر ہیزےکے تساؤشیان میں 20 واں چین جنگلاتی مصنوعات تجارتی میلہ 19 سے 21 ستمبر تک منعقد ہوا۔(شِنہوا)

ایک اور پاکستانی خریدار شان نے کسٹمائزڈ فرنیچر میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم معیار کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ چینی فرنیچر کی کاریگری اور اعتماد ہماری مارکیٹ کی اعلیٰ معیار کی ضروریات سے مکمل ہم آہنگ ہے۔

شان ڈونگ یا شین ووڈ انڈسٹری کمپنی کے سٹال پر سیلز منیجر شیونگ لولو نے پاکستانی لکڑی کے ایک تاجر کے نمائندے سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی مصنوعات کے مکمل لائف سائیکل اور معیار کے بارے میں بتایا اور امید ہے کہ ہم پاکستانی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کو فروغ دے سکیں گے۔ ہم طویل مدتی تعاون کے خواہاں ہیں۔

چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتا ہوا "لکڑی کا رشتہ” دونوں ممالک کے گہرے ہوتے اقتصادی روابط کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں لکڑی کی مصنوعات تیار کرنے والا اہم ملک ہے جو گلابی لکڑی اور اخروٹ جیسے وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستانی لکڑی کا فرنیچر، زیورات کے ڈبے اور دستکاری اشیاء اپنی نفیس نقش کاری اور روایتی ڈیزائن کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں۔ چین-پاکستان اقتصادی تعاون کے فروغ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پاکستانی تاجر اپنی مصنوعات کو چینی نمائشوں میں لا رہے ہیں اور چین کو اعلیٰ معیار کی لکڑی کی مصنوعات کے لئے ایک ابھرتی ہوئی منڈی تصور کر رہے ہیں۔

یہ تعاون صرف تجارت تک محدود نہیں۔ تساؤشیان کاؤنٹی سمیت ہیزے چین کا اہم صنعتی مرکز ہے جہاں مصنوعی تختوں، پالونیا لکڑی کی مصنوعات اور بید کی دستکاری کا مکمل پیداواری نظام موجود ہے۔ کئی دہائیوں کی ترقی کے بعد یہاں لکڑی کی کاشت، پروسیسنگ، فرنیچر سازی اور ڈیزائن تک ایک مکمل صنعتی زنجیر موجود ہے جو عالمی سطح پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

تعاون عام تجارت سے کہیں بڑھ کر ہے۔ بین الاقوامی شرکاء کی سہولت کے لئے ہیزے کے دفتر خارجہ نے غیر ملکی تجارتی دعوت ناموں کی توثیق کا عمل آسان بناتے ہوئے "گرین چینل” فراہم کیا ہے جس سے غیر ملکی شرکت اور تعاون کو فروغ ملا ہے۔ ای-کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے کاؤشیان کی لکڑی کی مصنوعات اور تخلیقی گھریلو اشیاء عالمی صارفین تک پہنچ رہی ہیں اور مزید بین الاقوامی شراکت دار چین آ کر براہ راست تبادلوں اور روابط کے خواہاں ہیں۔

صدیوں پہلے لکڑی اور مصالحہ جات شاہراہ ریشم کے اہم تجارتی اجزاء تھے۔ آج بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت اس روایتی تجارت میں نئی جان پڑ رہی ہے۔ میلے میں پاکستانی تاجروں کی موجودگی نہ صرف دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی علامت ہے بلکہ جنگلاتی اور فرنیچر کے شعبوں میں بڑھتے تعاون کا مظہر بھی ہے۔

صوبائی اہلکار نے کہا کہ اپنے بھرپور جنگلاتی وسائل اور تکنیکی جدت کو بروئے کار لاتے ہوئے شان ڈونگ صوبہ جنگلاتی صنعت کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دیتا رہے گا۔ ہم مل کر شاہراہ ریشم کا ایک ایسا نیا باب لکھیں گے جو لکڑی کی خوشبو اور اقتصادی روابط سے لبریز ہوگا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!