منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں واقع "گرین لیک 1,008 ہاؤسنگ یونٹس پروجیکٹ” کا فضائی منظر-(شِنہوا)
اولان باتور(شِنہوا)چین کی امداد سے منگولیا کے دارالحکومت میں ایک ہزار 8 گھروں پر مشتمل کچی آبادی کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا کام باضابطہ طور پر مکمل ہو گیا ہے۔
منصوبے کی تکمیل کی تقریب میں منگولیا میں چین کی سفیر شین من جوآن، منگولیا کے شہری ترقی، تعمیرات اور رہائش کے وزیر اینخ تائیوان بات-امگالان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں شین نے کہا کہ آج سے 76 سال قبل چین اور منگولیا نے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کئے تھے جس سے اچھی ہمسائیگی، دوستی اور باہمی امداد کی بنیاد رکھی گئی۔ آج دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون فروغ پا چکا ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
شین نے کہا کہ کچی آبادی کی تزئین و آرائش کا منصوبہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون کی ایک بڑی کامیابی ہے جو چین کے "بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو” اور منگولیا کے "سٹیپ روڈ پروگرام” کو دونوں ممالک کی قیادت کی تزویراتی رہنمائی کے تحت منسلک کرتا ہے۔
شین نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اولان باتور کی کچی آبادیوں میں رہنے والے افراد کی رہائشی سہولیات کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا بلکہ شہری حدود کو وسعت دے گا اور شہر کی مجموعی شبیہ کو بہتر کرے گا۔ یہ چین-منگولیا دوستی کے نئے دور میں ایک اور سنگ میل منصوبہ بن چکا ہے۔
بات-امگالان نے کہا کہ کچی آبادی کا یہ منصوبہ تعمیرات کے شعبے میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کئے گئے اس منصوبے کی بدولت دارالحکومت میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے، گنجان آبادی میں کمی لانے اور پینے کے پانی و فضائی آلودگی جیسے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
وزیر نے اولان باتور کے رہائشیوں کی جانب سے چینی حکومت، عوام اور تمام تعمیراتی عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
