اتوار, اکتوبر 19, 2025
تازہ ترینچین کا روس کے ساتھ توانائی تعاون جائز اور قانونی ہے، ترجمان...

چین کا روس کے ساتھ توانائی تعاون جائز اور قانونی ہے، ترجمان وزارت خارجہ

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ چین کا روس سمیت دیگر ممالک کے ساتھ معمول کے مطابق تجارتی اور توانائی تعاون جائز اور قانونی ہے۔(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ روس سمیت دیگر ممالک کے ساتھ چین کا معمول کا تجارتی اور توانائی تعاون جائز اور قانونی ہے۔

لین نے یہ بات ایک معمول کی پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے جواب میں کہی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ چین بھی وہی کرے جیسا کہ انہیں بھارت کی جانب سے یقین دہانی ملی ہے کہ وہ روس سے تیل خریدنا بند کرے گا۔

لین نے کہا کہ امریکہ کا یہ عمل یکطرفہ دھونس اور اقتصادی جبر کی ایک عام مثال ہے جو بین الاقوامی اقتصادی و تجارتی اصولوں کو بری طرح متاثر کرے گا اور عالمی صنعتی و سپلائی چینز کی سلامتی و استحکام کے لئے خطرہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین بحران پر چین کا موقف غیر جانب دار، منصفانہ اور شفاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اس بات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے کہ امریکہ اس معاملے کو چین سے جوڑنے کی کوشش کرے اور چین پر غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں اور اپنے قوانین دوسرے ملک پر زبردستی مسلط کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر چین کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچایا گیا تو چین اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا بھرپور دفاع کرنے کے لئے جوابی اقدامات کرے گا۔

برطانیہ کی جانب سے چینی توانائی کمپنیوں اور بندرگاہی کمپنیوں کو روسی توانائی شعبے کی حمایت کے الزام میں پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے لین نے کہا کہ چین برطانیہ کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور اس کے خلاف برطانیہ سے احتجاج کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کی بین الاقوامی قانون میں کوئی بنیاد نہیں ہے یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے کوئی اجازت حاصل نہیں ہے۔

لین نے کہا کہ چین یوکرین بحران پر امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور چینی اور روسی کمپنیوں کے درمیان معمول کے تبادلوں اور تعاون میں خلل نہیں ڈالا جانا چاہیے اور نہ ہی انہیں متاثر کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنے جائز اور قانونی حقوق اور مفادات کا مضبوطی سے دفاع کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!