ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار مسافروں کی شناخت فیاض احمد اور نعمان علی کے ناموں سے ہوئی، دونوں کا تعلق منڈی بہاالدین سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مسافر فلائٹ نمبر EY303 کے ذریعے اٹلی جا رہے تھے اور انہوں نے امیگریشن حکام کو جعلی اٹلی ریزیڈنٹ کارڈ پیش کیے، مسافروں کے پاسپورٹ پر پاکستانی اور اٹلی امیگریشن کی جعلی مہر بھی ثبت تھی۔
دونوں مسافروں نے بھاری رقوم کے عوض مختلف ایجنٹوں سے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز حاصل کیے تھے۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
