خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلی سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاوس میں ان سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ پنڈال میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل محمد سہیل آفریدی خبیر پختونخوا کے نئے وزیراعلی منتخب ہوئے تھے جبکہ اپوزیشن نے اسمبلی سے واک آووٹ کیا تھا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا تھا۔ جس میں سہیل آفریدی کو 90 اراکین صوبائی اسمبلی نے منتخب کیا تھا۔ محمد سہیل آفریدی حلقہ پی کے 70 خیبر 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔
وہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بھی بنائے گئے تھے اور اس سے قبل وزیراعلی کے معاون خصوصی سی اینڈ ڈبلیو بھی رہ چکے ہیں۔
سہیل آفریدی نے سیاسی سفر کا آغاز انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے کیا تھا، وہ صوبائی صدر بھی رہے اور بعد ازاں انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر بنے، انہوں نے جامعہ پشاور سے اکنامکس میں بی ایس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے
