اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امدادی رابطہ کار ٹام فلیچر نے غزہ کی پٹی کے لئے اضافی ایک کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد مختص کی ہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں فوری اضافہ کیا جاسکے-(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امدادی رابطہ کار ٹام فلیچر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی فوری امدادی کارروائیوں کو وسعت دینے کی خاطر غزہ کی پٹی کے لئے مزید ایک کروڑ دس لاکھ امریکی ڈالر کی امداد مختص کی ہے۔
اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے )، جس کی سربراہی فلیچر کر رہے ہیں، نے بتایا کہ یہ رقم اس 90 لاکھ ڈالر کی امداد کے علاوہ ہے جو گزشتہ ہفتے غزہ کے لئے سنٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ (سی ای آر ایف) سے مختص کی گئی تھی۔
تاہم فلیچر نے خبردار کیا کہ اگر سی ای آر ایف میں نئے عطیات نہ دیئے گئے، تو ان لوگوں تک امداد کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا جو اس پر انحصار کرتے ہیں۔
او سی ایچ اے کے مطابق جنگ بندی کے ابتدائی 60 دن کے انسانی ہمدردی کے منصوبے کے تحت اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار غزہ کے مختلف حصوں میں جہاں کہیں بھی ضرورت ہو، زندگی بچانے والی امداد اور خدمات فراہم کریں گے۔
دفتر کا کہنا ہے کہ غزہ کے کئی علاقوں میں انسانی امداد فراہم کرنے والے کارکن اب نسبتاً آسانی سے نقل و حرکت کر سکتے ہیں اور ٹیمیں ان علاقوں میں بھی پہنچ رہی ہیں جو تشدد کے باعث کئی مہینوں سے کٹے ہوئے تھے۔
