یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن نے غزہ کی تعمیر نو کیلئے فنڈ دینے اور اصلاحات میں مدد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات میں مدد کرے گی اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے فنڈ فراہم کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شرم الشیخ میں جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ تاریخی سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ مکمل طور پر اس امن منصوبے کی حمایت کرتا ہے، جو امریکا، قطر، مصر اور ترکیہ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کی کامیابی میں ہر ممکن مدد دینے کے لیے تیار ہیں، خاص طور پر حکمرانی میں تعاون اور فلسطینی اتھارٹی کی اصلاحات کے لیے بھرپور سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی ان کے خاندانوں کے لیے خوشی اور پوری دنیا کے لیے اطمینان کا لمحہ ہے، اس کا مطلب ہے کہ ایک باب بند کیا جا سکتا ہے، ایک نیا باب شروع ہو سکتا ہے۔
صدر یورپی کمیشن نے کہا کہ ہم فلسطینی ڈونرز گروپ کے ایک فعال رکن کے طور پر کردار ادا کریں گے اور غزہ کی تعمیر نوکے لیے یورپی یونین کی فنڈنگ فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کا یہ معاہدہ اس خطے کے لیے ایک نئے باب کی نمائندگی کرتا ہے۔
