پاکستانی کاروباری شخصیت عاطف نواز شنگھائی کے مرکزی علاقے پیپلز سکوائر کے قریب واقع اپنے ریستوران میں موجود ہیں۔(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)پاکستانی کاروباری شخصیت عاطف نواز نے چین میں اپنا دوسرا گھر تلاش کر لیا ہے۔ 2011 میں یہاں پہنچ کر انہوں نے اور ان کے شراکت داروں نے کامیابی کے ساتھ اپنی حلال ریستوران کی چین کو بیجنگ، چھنگ ڈاؤ اور شنگھائی میں 5 شاخوں تک پھیلا دیا ہے جو مقامی اور بین الاقوامی دونوں طرح کے کھانوں کے شوقین افراد کی ضرورت پوری کررہی ہے۔
نواز کے اس سفر کا آغاز 1990 کی دہائی میں ہوا جب ان کے ایک دوست نے چین کے کھانے کے منظر نامے میں ایک اہم خلایعنی مستند پاکستانی حلال ریستوران کی کمی کی نشاندہی کی۔ 2011 میں بیجنگ سے کاروبار شروع کرتے ہوئے انہوں نے چٹ پٹے سالن، ذائقے دار باربی کیو اور خوشبودار چاول کے پکوان متعارف کروائے اور رفتہ رفتہ چینی گاہکوں کا اعتماد حاصل کر لیا۔ نواز نے کہا کہ چینی لوگ عالمی ذائقوں کے لئے بہت کشادہ دل رکھتے ہیں۔ مختلف ثقافتوں کے بارے میں ان کی دلچسپی نے ہمارے کاروبار کو ترقی دینے میں مدد کی ہے۔
نواز نے مزید کہا کہ شنگھائی میں پیپلز سکوائر کے قریب ان کے ریستوران میں مختلف قسم کے گاہک آتے ہیں۔ اس علاقے کی سیاحتی حیثیت کی وجہ سے یہاں عرب ممالک، جنوبی ایشیا اور یورپ سے مہمان آتے ہیں تاہم دیگر شہروں کی شاخوں میں 90 فیصد سے زائد گاہک چینی ہوتے ہیں جو پاک-چین ثقافتی تبادلے کی گہرائی کا ایک واضح ثبوت ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی ہے۔ یہاں کے لوگ ہماری ثقافت اور کھانوں کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی معاون پالیسیوں، جیسے کہ بعض ممالک کے شہریوں کے لئے ویزا سے استثنیٰ نے ان کے کاروبار کو مزید فروغ دیا ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف مزید گاہک لاتے ہیں بلکہ ہمیں خوش آمدید کہے جانے کا احساس بھی دلاتے ہیں۔
نواز کے لئے چین محض ایک بازار نہیں۔ یہ مواقع اور دوستی کی سرزمین ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں گھر جیسا محسوس کرتے ہیں، جیسے جیسے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون فروغ پا رہا ہے۔ ان کے جیسے چھوٹے کاروبار پاک-چین دوستی کے لذیذ علامات بن کر ابھر رہے ہیں۔
