راولپنڈی اور پشاور پولیس کیساتھ مقابلے میں مطلوب افغان دہشت گرد آدم خان سمیت تین ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق پشاور اور راولپنڈی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے شدید فائرنگ شروع کر دی جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔اس دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ تبادلے میں ہلاک تینوں ملزمان کی شناخت افغان دہشت گرد آدم خان، مجاہد افغانی اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی دہشت گرد کی شناخت نوررحمت کے نام سے ہوئی ہے جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد آدم خان درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس نے پاکستانی شہریت کے جعلی دستاویزات بھی بنا رکھے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے دیگر ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔دوسری جانب سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے دلیرانہ کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس عوام کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے،شہریوں اور فورسز پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
