عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
بدھ کو اے ٹی سی راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 10ملزمان کیخلاف 26 نومبر احتجاج مقدمے پر سماعت کی۔ علیمہ خان کے وکلاء فیصل ملک اورحسنین سنبل نے حاضری استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کی۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ وکیل فیصل ملک اور حسنین سنبل کا علیمہ خان کے کیس میں وکالت نامہ ہی جمع نہیں، دونوں وکلا علیمہ خان کی طرف سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست نہیں دے سکتے۔
عدالت نے استدعاء خارج کرتے ہوئے علیمہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت میں مقدمے میں پیش ہونے والے 6ملزمان پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 11اکتوبر تک ملتوی کردی۔
