چین نے ای بائیکس کے لئے نئے حفاظتی معیارات یکم ستمبر سے نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ غیر معیاری حادثات کے خطرات پر قابو پایا جا سکے۔(شِنہوا)
نان جنگ(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر ووشی میں یادیہ کی مصنوعات کی نمائش کے مرکز میں رکھی گئی خودکار ڈرائیونگ الیکٹرک موٹر سائیکل نہ صرف دو پہیوں والی خود کار گاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر اور اس کی ڈیزائننگ میں کمپنی کی مہارت کا مظاہرہ کرتی ہے بلکہ ماحول دوست نقل وحمل کا حل بھی پیش کرتی ہے۔
دو پہیوں کی گاڑیاں تیار کرنے والی اس معروف چینی کمپنی کے شوروم کے اندر مختلف اقسام کی الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور ای بائیکس رکھی گئی ہیں۔ ان میں تقریباً ہینڈ بیگ کے سائز کی خودکار طور پر تہہ ہونے والی ایک پورٹ ایبل الیکٹرک بائیک بھی شامل ہے جس نے کمپنی کے وو شی صدر دفتر کا دورہ کرنے والے صحافیوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
دنیا میں دو پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی سالانہ فروخت میں عالمی رہنما کی حیثیت سے یادیہ اعلیٰ کارکردگی کی حامل الیکٹرک موٹر سائیکلز، موپیڈز، سائیکلز اور کک سکوٹرز کا ایک وسیع مجموعہ پیش کرتی ہے۔ ’’عالمی صارفین کے لئے ایک شاندار سفر‘’ کے اپنے نعرے پر عمل کرتے ہوئے کمپنی دنیا بھر میں لوگوں کو پائیدار اور ماحول دوست سفر کے حل پیش کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
یادیہ ٹیکنالوجی گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شین یو کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں کمپنی کی مختلف اقسام کی ای نقل وحمل مصنوعات کی فروخت 87 لاکھ 90 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی ہے اور فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی 19.1 ارب یوآن (تقریباً 2.7 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرون ملک منڈیوں میں اپنی موجودگی کو وسعت دینا ایک اہم کارپوریٹ حکمت عملی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وو شی میں قائم پوری الیکٹرک موٹر بائیک صنعت اس سے اتفاق کرتی ہے۔ہماری کمپنی نے ویت نام، انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور میکسیکو میں اپنے پیداواری مراکز میں پہلے ہی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ ان میں کچھ تنصیبات نے کام شروع کر دیا ہے اور باقی ابھی زیر تعمیر ہیں۔
یادیہ کے سینئر نائب صدر وانگ جیا ژونگ نے کمپنی کے دفتری کمپلیکس میں میڈیا کے ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی موجودہ ترجیحات میں بیرونی منڈیوں کے لئے مصنوعات کی موافقت پر مبنی تحقیق و ترقی کرنا اور ایسے فزیکل سٹورز قائم کرنا شامل ہے جہاں بین الاقوامی صارفین چینی ٹیکنالوجی اور مصنوعات کا براہ راست تجربہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کو امید ہے کہ وہ افریقہ، یورپ اور وسطی ایشیا جیسی مزید منڈیوں میں پیداواری مراکز اور منتقلی کے گودام قائم کرنا جاری رکھے گی، جہاں الیکٹرک موٹر بائیکس کی ترقی کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
