وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو رابطے کا اہم پل قراردیتے ہوئے کہا کہ جرائم میں ملوث پاکستانیوں کی واپسی ہماری ذمہ داری ہے۔
جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ شفق محمد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور ،دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے گہرے اور تاریخی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا اہم پل ہے بلکہ کثیر جہتی ترقی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دنیا میں کہیں بھی اگر کوئی پاکستانی کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کا عمل قابل مذمت ہے، ایسے افراد کو واپس لینا پاکستان کی ذمہ داری ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ افراد جو اپنی پاکستانی شہریت ترک کر چکے ہیں، ان پر یہ ذمہ داری لاگو نہیں ہوتی۔
اس موقع پر لارڈ شفق محمد نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے پاکستانی حکومت کی کوششوں اور اوورسیز کمیونٹی کے ساتھ روابط کو مزید بہتر بنانے کی کاوشوں کو سراہا۔
