مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ سعد رفیق نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری کشمکش کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے نمائندوں نے پگ کی حفاظت نہ کی تو پھر ہمیں مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کردیا جائے گا۔
لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے سلسلے میں صدر میں ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صورتحال کو افہام و تفہیم سے حل کروانے کا کریڈٹ شہباز شریف اور کمیٹی کو جاتا ہے، سیاسی معاملات ڈنڈے یا جبر سے نہیں ٹیبل پر حل کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پھیلائی گئی افراتفری کو اتحادی جماعتوں نے افہام و تفہیم سے حل کیا ہے، فوج کی وردی ہو یا پولیس کی اس کی اتھارٹی کو چیلنج نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جلائو گھیرئوا یا ماردو کی سیاست نہیں ہونی چاہئے، جن کو سمجھ نہیں آئی ان کو بھی سمجھ جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں جاری لڑائی کو بھی ختم ہونا چاہئے۔
سعد رفیق نے کہا کہ اگر پنجاب کے نمائندوں نے پنجاب کی پگ کی حفاظت نہ کی تو پھر ہمیں مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کردیا جائے گا۔
