پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر حسین ریہر نے پیرس فیشن ویک میں اپنی نئی کلیکشن جیون اسپرنگ-سمر 2026 پیش کر دی۔
برانڈ کے آفیشل انسٹاگرام اکاونٹ پر شو کی تصاویر اور رن وے کی جھلکیاں شیئر کی گئیں، کیپشن میں لکھا گیا کہ جیون نے پیرس میں پہلا شو پیش کیا، اسپرنگ-سمر 2026 کی کلیکشن کاریگری، نفاست اور جدید انداز کا خوبصورت امتزاج ہے۔
حسین ریہر کی جیون کلیکشن میں روایتی پاکستانی دستکاری کو جدید انداز کے ساتھ خوبصورتی سے پیش کیا گیا، کئی ملبوسات میں آئینہ کاری، سنہری چمکدار کپڑے اور نفیس کڑھائی شامل تھی، جب کہ جامہ وار، جال اور آرگنزا جیسے کپڑوں کو موتیوں، آرائش اور ہاتھ کی کڑھائی سے سجایا گیا، جو ان کی باریکی اور کاریگری میں مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فیشن ڈیزائنر نے اس کلیکشن کا نام اپنے پالتو کتے جیون کے نام پر رکھا۔
