چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں فتح کی 80سالگرہ کی تقریب میں شہری شریک ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین میں حال ہی میں "فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں سائنس اور سائنس دان” کے عنوان سے ایک نئی کتاب شائع کی گئی ہے جو فسطائیت کے خلاف طویل اور سخت جدوجہد میں چینی سائنس دانوں اور محققین کے کردار کا جامع احاطہ کرتی ہے۔
سنگہوا یونیورسٹی کے پروفیسر اور کتاب کے چیف ایڈیٹر یانگ جیان نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ کتاب چین کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے متعدد مورخین کی مشترکہ تصنیف ہے، جس کا مقصد جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ کے دوران ابھرنے والے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
یانگ کے مطابق کتاب میں ان چینی اور اتحادی سائنس دانوں کی داستانیں بیان کی گئی ہیں جنہوں نے جنگ کے دوران شانہ بشانہ کام کیا اور ان کے حوصلے، جدت پسندی اور سائنسی عزم کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
کتاب کے مطابق جنگ کے دوران محدود سائنسی و تکنیکی وسائل کے باوجود چینی سائنس دانوں نے اپنی ذہانت اور تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلحہ سازی، زراعت، طب اور صحت کے شعبوں میں متعدد کامیابیاں حاصل کیں، جنہوں نے محاذ جنگ اور پس محاذ دونوں کو اہم سائنسی مدد فراہم کی۔
