صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز زشریف نے کہا ہے کہ اساتذہ امید اور تبدیلی کے علمبردار ہیں،علم کی شمع جلانے والے اساتذہ قوم کا سرمایہ ہیں،اساتذہ کے حقوق کی حفاظت بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اساتذہ کی عزت و تکریم، معاشرے کا فرض العین ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے اساتذہ ہمیشہ قومی تعمیر کے عمل میں صفِ اول میں رہے ہیں۔ مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود وہ علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔
ان کی استقامت اور عزمِ صمیم قابلِ فخر ہے جو نوجوان نسل کو ملک کی ترقی و خوشحالی میں مثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں اساتذہ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی، معاشی چیلنجز، اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں اساتذہ امید اور تبدیلی کے علمبردار ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں، ڈیجیٹل ٹولز اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ طلبہ کو نہ صرف علم بلکہ جدت، ہمدردی اور تخلیقی سوچ سے بھی مزین کرسکیں۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان تدریسی شعبے کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت، ٹیکنالوجی کے انضمام، بہتر سہولیات اور اساتذہ کے وقار کے تحفظ کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔انہوں نے نے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم، خاندانوں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو اساتذہ کے احترام اور ان کی معاونت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وہ قوم جو اپنے اساتذہ کو عزت دیتی ہے، اپنے مستقبل کو روشن بناتی ہے۔
انہوں نے تمام اساتذہ کو ان کی انتھک خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اساتذہ کا احترام اور ان کی سرپرستی جاری رکھیں گے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کو علم، دانائی اور ترقی کی راہ دکھاتے رہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمارے اساتذہ کو اپنی رحمتوں سے نوازے، نظامِ تعلیم کو مزید مضبوط کرے، اور پاکستان کو علم، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن پر پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر دنیا بھر کے اساتذہ کو خراج عقیدت اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر اساتذہ کے لیے دن مختص کرنا ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن بالخصوص پاکستان کے طول و عرض میں بے لوث خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ کو حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی طرف سے بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال 2025 میں اساتذہ کا عالمی دن تدریس کو ایک باہمی تعاون اور مشترکہ پیشہ کے طور پر اجاگر کرنے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد دنیا بھر کے تمام اساتذہ، درسگاہوں اور تعلیمی نظام میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہترین و جدید تدریسی نظام ہی ملک و قوم کی انفرادی اور اجتماعی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی نظام، پالیسیز میں بہتری کا باعث بن سکتا ہے۔ قوموں کی بحیثیت مجموعی تعمیر و ترقی اور کسی بھی ملک کی نسلوں کی انفرادی تعلیم و تربیت میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملکوں کی افرادی قوت کی علمی و فنی صلاحیتوں کا دارومدار اس کی ذہنی نشوونما اور عقل و شعور کے معیار پر ہوتا ہے جس کو نکھارنے میں اساتذہ کی محنت فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترجیح ہے کہ پاکستان میں تعلیمی نظام کو موثر اور جدید دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل دنیا کے علمی و فنی میدان میں مقابلہ کر کے ملک کا نام روشن کر سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ، والدین اور معاشرے کا بحیثیت مجموعی مثبت اور تعمیری کردار ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور بہترین مستقبل کا ضامن ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جہاں اساتذہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور شاگردوں اور نئی نسل کی طرف اپنے فرائض کو بااحسن سرانجام دے رہے ہیں وہیں مجموعی طور پر معاشرے کا یہ فرض العین ہے کہ اساتذہ کی عزت و تکریم اور معاشرے میں احترام میں کسی طور بھی کوئی کمی نہ ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اساتذہ کی فنی استعداد میں اضافہ اور ان کی معاشی آسودگی کا خیال رکھنا حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اساتذہ کو فرائض کی انجام دہی میں معاونت کے، ساتھ ان کے حقوق کی حفاظت بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ کے حقوق و فرائض کے تحفظ کے لیے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر مجموعی کاوشوں اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر اس طبقے کو موثر بناتے ہوئے دنیا کے تابندہ و روشن مستقبل کی بنیاد کو مضبوط کیا جا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ممالک کے درمیان اساتذہ کے تبادلے اور شاگردوں کی عالمی درسگاہوں میں مشترکہ پروگرام میں شرکت ایک خوش آئند عمل ہے جس کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہئے۔
