اتوار, اکتوبر 5, 2025
پاکستانمحسن نقوی کا اساتذہ کو ان کی گراں قدر خدمات پر خراج...

محسن نقوی کا اساتذہ کو ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام اساتذہ کو ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد کی عظمت، کردار اور رتبے کا اعتراف کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، اساتذہ نے ہر حالت میں علم کے چراغ کو اپنی محنت سے جلائے رکھا، معاشروں کی فکری بلندی، تہذیبی شائستگی اور قومی خودی استاد کی رہنمائی کی مرہونِ منت ہے۔

اتوار کو اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ دن ان خدمات اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو استاد اپنی ذات کی نفی کر کے نسلوں کو بامقصد بناتا ہے، معاشروں کی فکری بلندی، تہذیبی شائستگی اور قومی خودی استاد کی رہنمائی کی مرہونِ منت ہے، معلم وہ منصب ہے جو انبیائے کرام کی میراث قرار پایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ نبی کریم نے فرمایا مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے اور یہ قول استاد کے منصب کو تقدس بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے جو منصب عطا کئے اس میں میرے محترم اساتذہ کی تربیت، محنت اور لگن شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے اساتذہ کا احسان کسی طور بھی نہیں اتار سکتا، استاد نسلوں کی سوچ کی جہت، کردار کی سمت اور معاشرتی شعور عطا کرتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ہر عہد کی عظمت کسی عظیم استاد کی تربیت یافتہ نسل سے جنم لیتی ہے، آئیں آج ہم اجتماعی طور پر یہ عہد کریں کہ استاد کی توقیر کو ریاستی بیانیے کا مرکزی جزو بنائیں گے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!