امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کی طرف سے یرغمالیوں کو رہا کرنے پر اصولی رضامندی ظاہر کرنے کے چند گھنٹےبعد اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر بمباری فوری بند کرے۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے حماس کو ڈید لائن دی تھی کہ وہ غزہ میں لڑائی کے خاتمے اور علاقے کی تعمیر نو کے متعلق ان کے 20 نکاتی منصوبےکو اتوار کی شام 6 بجے تک قبول کرے بصورت دیگر اس کے خلاف شدید کارروائی ہوگی۔
بعد ازاں حماس نےاعلان کیا کہ اس نے علاقائی اور بین الاقوامی ثالثوں کو اپنا جواب جمع کرا دیا ہے، وہ اس منصوبے میں بیان کردہ تبادلے کے طریقہ کار کےتحت زندہ اور مرنےوالے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لئے اصولی طور پر رضامند ہے۔گروپ نے کہا کہ وہ ثالثوں کے ذریعے اس منصوبے پر عملدرآمد کی تفصیلات پر فوری مذاکرات شروع کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔
