چین کے تیان گونگ خلائی سٹیشن میں موجود شین ژو-20 کے خلا بازوں چھن ڈونگ (درمیان)، چھن ژونگ روئی (دائیں) اور وانگ جئی (بائیں) کو قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد بھیجتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے تیان گونگ خلائی سٹیشن پر موجود 3 خلانوردوں نے دل کی شکل والے نقوش سے سجی سرخ رنگ کی تہوار والی خوبصورت شرٹس پہن کر زمین سے 400 کلومیٹر اوپر سے قومی دن کی دلی مبارکبادیں بھیجیں۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں خلابازوں نے کہا کہ ہم چینی خلائی سٹیشن سے اپنے عظیم مادر وطن کے لئے نیک تمنائیں بھیجتے ہیں۔ دعا ہے کہ وہ ہمیشہ امن اور خوشحالی سے ہمکنار رہے۔ ان کی شرٹس پر ’’چین، مجھے تم سے پیار ہے‘‘ کے چینی حروف نمایاں طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
یکم اکتوبر کو منایا جانے والا قومی دن نئے چین کے قیام کی یاد دلاتا ہے۔ ویڈیو میں شین ژو-20 کے خلانوردوں نے خلا میں عوامی جمہوریہ چین کی 76 ویں سالگرہ منائی۔
3بار خلائی سفر کر نے والے خلاباز اور عملے کے کمانڈر چھن ڈونگ نے کہا کہ یہ ان کا مدار میں گزارا جانے والا دوسرا قومی دن تھا۔ انہوں نے مسلسل تعاون اور خلائی سٹیشن پر توجہ دینے پر چینی انسان بردار خلائی پروگرام کے پرعزم عملے کے ارکان اور چینی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
چین کے مدار میں گردش کرتے خلائی سٹیشن کے اندر شین ژو-20 کے خلا بازوں وانگ جئی (بائیں) اور چھن ژونگ روئی کو کام کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
رواں سال 24 اپریل کو شین ژو-20 کے خلابازوں کو مدار میں بھیجا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی خلائی مہم کا آغاز کیا۔ وہ 150 دن سے زیادہ عرصے سے مدار میں ہیں اور 4 بار خلا میں چہل قدمی کا مشن مکمل کر چکے ہیں جس سے وہ سب سے زیادہ اضافی چہل قدمی کرنے والے 2چینی عملوں میں سے ایک بن گئے ہیں۔
