چینی صدر شی جن پھنگ بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے کلیدی خطاب کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ سخت محنت جاری رکھیں اور چینی جدیدیت کے فروغ کے لئے عزم و استقلال کے ساتھ پیش قدمی کریں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے یہ بات عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 76 ویں سالگرہ منانے کے لئے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
چین کا قومی دن یکم اکتوبر کو منایا گیا۔
لی چھیانگ نے استقبالیہ کی صدارت کی۔ ژاؤ لے جی، وانگ ہوننگ، کائی چھی، ڈنگ شوئے شیانگ، لی شی اور ہان ژینگ نے تقریب میں شرکت کی، جس میں تقریباً 800 چینی اور غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوئے۔
شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ ایک بے مثال مشن ہے۔ خواہشات اور چیلنجز، دونوں ہی ہمیں ہر لمحہ غنیمت جاننے اور اٹل عزم و ہمت کے ساتھ ثابت قدم رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
شی نے نشاندہی کی کہ نئے چین کے قیام کے بعد گزرنے والے 76 برسوں میں سی پی سی نے عوام کی قیادت کرتے ہوئے خود انحصاری اور مسلسل جدوجہد کے جذبے کے تحت شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
شی نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل چین نے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ منائی، جس نے پورے ملک میں حب الوطنی کے جذبے کو تقویت دی اور قومی جدوجہد کے لئے قوت کو یکجا کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیادہ بڑی قومی ترقی حاصل کرنے کے لئے تاریخی تجربات سے مسلسل سبق حاصل کرنا نہایت اہم ہے۔
شی نے کہا کہ اس سال کے پیچیدہ حالات کے باوجود چین نے جامع اصلاحات کو مزید گہرا کرنے، اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے، عوام کی فلاح و بہبود بہتر بنانے اور پارٹی کی مکمل اور سخت نظم ونسق کو آگے بڑھانے میں نئی پیش رفت اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
شی نے کہا کہ آبنائے تائیوان کے دونوں جانب تبادلے اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کی کوششیں کی جانی چاہئیں، "تائیوان کی آزادی” کی علیحدگی پسند سرگرمیوں اور بیرونی مداخلت کی بھرپور مخالفت کی جائے اور قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مضبوطی سے دفاع کیا جائے۔
چینی صدر نے کہا کہ صدی میں پہلی بار دیکھے جانے والے تیز رفتار عالمی تغیرات کے پس منظر میں ہمیں حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کرنا ہوگا، گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو، گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو کے نفاذ کو فروغ دینا ہوگا اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری تعمیر کرنا ہوگی۔
