علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کا ویڈیو لنک ٹرائل غیر آئینی و غیر قانونی ہے، علیمہ خان کیخلاف مقدمہ بوگس، میڈیا سے گفتگو قانونی تھی، کوئی ایسی بات نہیں کہی۔
راولپنڈی کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ علیمہ خان پر جعلی اور بوگس مقدمہ بنایا گیا ہے، کیس کی سماعت 8اکتوبر کو چارج فریم کرنے کیلئے فکس کی گئی ہے، چالان کی نقول عدالت نے تقسیم کیں جو وصول کر لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان پر چارج لگایا گیا ہے کہ وہ عمران خان سے ملیں اور پھر میڈیا پر آکر گفتگو کی، علیمہ خان نے میڈیا سے جو بھی گفتگو کی وہ قانونی تھی اس میں ایسی کوئی بات نہیں تھی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ویڈیو لنک سے ٹرائل آئینی و قانونی حقوق کے خلاف ہے، ہم اس کو مسترد کرتے ہیں ۔
