اتوار, اکتوبر 5, 2025
پاکستانقومی اسمبلی، پیپلز پارٹی کا مریم نواز کے بیان پر احتجاج، اجلاس...

قومی اسمبلی، پیپلز پارٹی کا مریم نواز کے بیان پر احتجاج، اجلاس سے واک آئوٹ

پیپلز پارٹی نے مریم نواز کے بیان پر شدید احتجاج کرتے ہوئے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آئوٹ کردیا جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعلی پنجاب کے بیان پر پیپلز پارٹی سے معذرت کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کا احتجاج گھر کا معاملہ ہے،بڑے بیٹھ کر مسئلہ حل کر لیں گے۔

منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پیپلز پارٹی کے رکن نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک سیلاب کی صورتحال سے گزر رہا ہے، میرے حلقے میں بھی سیلاب کی صورتحال ہے، لوگ لیڈر شپ کے طرف مدد اور ریلیف کیلئے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دن میں جو بیانات آئے وہ مناسب نہیں، بلاول بھٹو نے وزیر اعلی پنجاب اور حکومت کی تعریف کی، وزیراعلی پنجاب کی تقریر پر دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پانی، کیا مطلب ہمارا پانی؟، ہمیں وزارتیں یا عہدے نہیں چاہئیں، کم سے کم عزت تو دے سکتے ہیں، ہم اس حکومت کو کندھا دینے کا طعنہ برداشت کر رہے ہیں، ایسے ہی حالات رہے تو اپوزیشن بینچز پر چلے جائیں گے، ان حالات میں حکومتی بینچز پربیٹھنا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی بینچز پر بیٹھنے کی کوئی فیس نہیں ملی ۔اس موقع پر پی ٹی آئی اپوزیشن اراکین نے پیپلز پارٹی ارکان سے کہا کہ بالکل آپ ہمت کریں اور اپوزیشن بینچز پر آ جائیں۔ نوید قمر نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ ہم ادھر ہی آ کر بیٹھ جائیں، اس پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے ڈیسک بجائے۔

اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مریم نواز کے بیان پر معذر ت خواہ ہوں،پیپلز پارٹی کا احتجاج ہمارے گھر کا معاملہ ہے، سیاست میں گرما گرمی چلتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن خوش نہ ہوں، ان کی خواہش پوری نہیں ہو گی،پیپلز پارٹی کیساتھ اتحاد جاری رہے گا۔اعظم نذیر تارڑ نے طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری کوپیپلزپارٹی کے اراکین کو منانے کیلئے بھیج دیا جبکہ سپیکر اجلاس بدھ تک ملتوی کر دیا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!