یوکرین کی جانب سے روس کے شہر بیلگوروڈ پر حملے کے نتیجے میں ہزاروں گھروں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی، شہر اندھیرے میں ڈوب گیا، کئی لوگ لفٹوں میں پھنس گئے اور اپارٹمنٹس مکمل تاریکی میں ڈوب گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ جنگ کے آغاز سے اب تک کی بجلی کی پہلی بڑی بندش ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وڈیوز میں زور دار دھماکوں اور جائے وقوعہ سے اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔
گورنر فیاتیسلاف گلاڈکوف نے ٹیلیگرام پر جاری ایک وڈیو میں کہا کہ شہر کو بجلی کی "بڑی” بندش کا سامنا ہے، فضائی حملوں کا انتباہ اب بھی نافذ ہے، شہری تہہ خانوں میں پناہ لیں۔ انھوں نے بتایا کہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں اور اسپتال ہنگامی جنریٹرز پر کام کر رہے ہیں۔
