یورپی گالف ٹیم نے رائیڈر کپ 2025 میں امریکا کی ٹیم کو15-13 پوائنٹس سے شکست دیکرمسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ آئرلینڈ کے شین لاوری نے اعصاب شکن مقابلے میں 6 فٹ کا برڈی پٹ لگا کر نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ یورپ کو چیمپئن برقرار رکھنے کے لئے درکار فیصلہ کن پوائنٹ بھی دلایا۔
رائیڈر کپ کا یہ ایڈیشن سنسنی خیز مقابلوں سے بھرپور رہا۔ ابتدائی مراحل میں یورپ نے ریکارڈ سبقت حاصل کی۔ ناروے کے وکٹر ہوولینڈ کی گردن کی انجری کے باعث ان کا سنگلز میچ امریکی کھلاڑی ہیرس انگلش کے ساتھ برابر قرار دیا گیا، جس سے یورپ کا سکور 12-5 تک جا پہنچاتاہم سنگلز مرحلے میں امریکی ٹیم نے شاندار کم بیک کی اور یورپی کھلاڑی روری میکلرائے، جان راہم، ٹومی فلیٹ ووڈ اور جسٹن روز کی شکستوں نے مقابلہ سنسنی خیز بنا دیا۔
سویڈن کے نوجوان گولفر لڈوِگ آبرگ نے پیٹرک کینٹلے کو 2 اینڈ 1 سے شکست دے کر یورپ کی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوطی فراہم کی جبکہ میٹ فٹزپیٹرک نے برائسن ڈی چیمبو کے خلاف 5 ہولز کی برتری ضائع کرنے کے باوجود میچ برابر کر کے ٹیم کو فتح کے قریب لا کھڑا کیا۔
فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب شین لاوری اور رسل ہینلی کا میچ آخری ہول میں داخل ہوا۔ رسل ہینلی کو ایک ہول کی برتری حاصل تھی لیکن شین لاوری نے چھ فٹ کا برڈی پٹ لگا کر میچ برابر کر دیا اور یورپ کو فتح کے لیے درکار نصف پوائنٹ حاصل کر لیا۔
