چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں منعقدہ دوسری شنگھائی بین الاقوامی آن لائن ہفتہ ادب کے موقع پر مصنفین عالمی گول میز کانفرنس میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
ہانگ ژو(شِنہوا)چین کے آن لائن ادب سے اس وقت دنیا بھر کے 200 سے زائد ممالک اور خطوں سے تقریباً 20 کروڑ فعال غیر ملکی قارئین جڑے ہوئے ہیں۔
چائنہ رائٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والی چائنہ آن لائن لٹریچر انٹرنیشنل کمیونیکیشن رپورٹ 2025 میں بتایا گیا ہےکہ بیرون ملک قارئین کی بڑی تعداد مشرقی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا اور شمالی امریکہ میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف خطوں کے بین الاقوامی قارئین کی دلچسپیاں مختلف ہیں۔ جنوب مشرقی ایشیا میں خواتین قارئین کی اکثریت ہے جو مضبوط خاتون کے مرکزی کرداروں پر مبنی کہانیوں کو پسند کرتی ہیں۔ جاپان اور جنوبی کوریا کے قارئین جو چینی ثقافت سے ملتی جلتی ثقافت میں پروان چڑھے ہیں، تاریخی ناول، امر ہیروز اور مہم جوئی و جنگوں پر مبنی کہانیاں پسند کرتے ہیں۔
یورپ اور شمالی امریکہ میں مرد قارئین کے لئے لکھی گئی تحریریں زیادہ مقبول ہیں جن میں شہری زندگی، مہم جوئی اور جاسوسی کہانیاں شامل ہیں۔
خاص طور پر شمالی امریکہ میں ایسے قارئین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو تاؤ ازم سے متاثر روحانی مشق اور ابدی زندگی جیسے موضوعات پر مشتمل کہانیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں جنہیں وہ ایک منفرد طرز تحریر سمجھتے ہیں۔
رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ چین کے 50 بڑے آن لائن ادب پلیٹ فارمز سے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2024 کے اختتام تک چینی آن لائن ادب کے مجموعی کتابی عنوانات کی تعداد 3 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 7 فیصد زائد ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال نے چینی آن لائن ادب کے پھیلاؤ کو فروغ دیا ہے۔
اے آئی سے ہونے والے ترجمے نے چینی آن لائن ادب کی رسائی اور ترسیل کی رفتار کو تیزکر دیا ہے۔ زیادہ تر متعلقہ پلیٹ فارمز پر نصف سے زیادہ ترجمہ شدہ کام اے آئی کے ذریعے کئے گئے جس سے لاگت میں 90 فیصد سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔
