پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ نااہل و مفاد پرست ٹولے کی پالیسیوں سے ملک معاشی تباہی کا شکار ہوچکا، حالات خراب سے خراب ہوتے جارہے، بحیثیت قوم ہمیں سوچنا ہوگا، (آج) جلسہ ہر صورت ہوگا، پیچھے ہٹنے والے نہیں، رکاوٹیں پیدا کرنے پر سخت مزاحمت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترنول جلسہ کی تیاریوں کاجائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پارلیمنٹرینز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے جارہے ہیں، ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت دینے کا حکم عدالت نے دیا ہے، اگر کورٹ کے حکم کے خلاف جائیں گے تو پھر ہم بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کیلئے مارچ کو خود لیڈ کروں گا، (آج) جلسہ ہر صورت ہوگا، رکاوٹیں پیدا کرنے پر سخت مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں بیٹھے نااہل ٹولے کی مفاد پرست پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی تباہی آچکی، ملکی حالات خراب سے خراب تر ہورہے ہیں، ہمیں بحیثیت قوم سوچنا ہوگا۔
