انگلینڈ کے تجربہ کار آل راونڈر کرس ووکس فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
انگلش کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر راب کی نے تصدیق کی ہے کہ 36 سالہ کرس ووکس حالیہ عرصے میں انجری کا شکار رہے، کرکٹ کے لحاظ سے دیکھا جائے تو کرس ووکس کی انجری کا وقت بہت غیر مناسب تھا، اور اس قسم کی انجری کے دوبارہ ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرس ووکس کے لیے ایشیز سیریز کے آغاز تک مکمل فٹنس حاصل کرنا مشکل تھا اور جب کوئی کھلاڑی ایشیز جیسے اہم ٹورنامنٹ سے باہر ہوتا ہے تو ہم عموما اگلے سائیکل پر توجہ دیتے ہیں۔ اس وقت کرس ووکس ہمارے فیوچر میں ٹیسٹ منصوبوں کا حصہ نہیں ہیں۔
کرس ووکس نے اپنے کیریئر میں انگلینڈ کے لیے کئی یادگار پرفارمنسز دی ہیں، تاہم عمر اور فٹنس کے مسائل کی وجہ سے ان کا ٹیسٹ کیریئر اب اختتامی مراحل میں نظر آ رہا ہے، انہیں آسٹریلیا کے خلاف رواں سال نومبر میں شروع ہونے والی ایشیز سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔
