اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی رومانوی فلم نیلوفر رواں سال کے موسم سرما میں سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
انسٹاگرام پر فلم کے حوالے سے کی گئی پوسٹ میں اداکاروں اور فلمسازوں نے لکھا کہ اگلی ملاقات کا انتظار رہے گا۔اگرچہ فلم کی کہانی کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں، تاہم ماضی میں ماہرہ خان نے اشارہ کیا تھا کہ فلم کی کہانی رومانوی نوعیت کی ہے۔ نیلوفر کی کہانی امر رسول نے لکھی ہے اور وہی فلم کے ہدایتکار بھی ہیں، جب کہ اسے اوصاف شارق نے پروڈیوس کیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ سال جون میں ایک تقریب کے دوران فواد خان نے کہا تھا کہ فلم نیلوفر تقریبا شوٹنگ کے آخری مراحل میں ہے اور یہ ان کی آنے والی نئی فلم ہے۔
کووڈ-19 کی وجہ سے 2020 میں کئی منصوبے تاخیر کا شکار ہوگئے تھے، جس میں یہ فلم بھی شامل تھی اور اس وقت تک فلم کے بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں تھیں۔
اسی سال اپریل میں ماہرہ خان نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ شوٹنگ مکمل ہونے میں صرف 10 دن باقی تھے، لیکن کووڈ کی وجہ سے سب کچھ رک گیا۔
بعدازاں جیسے ہی فلم کی شوٹنگ ختم ہوئی، ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر شوٹنگ کے دوران کھینچی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ فلم کی عکس بندی مکمل کر لی گئی ہے۔
