اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملوں کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 100 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، ان میں نصف کا تعلق غزہ شہر سے ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں النصر محلے پر شدید بم باری کی۔ اسرائیلی فوج نے اپنی زمینی کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی، توپ خانے نے الصبرہ، الطرج، الطفاح اور الزیتون کے محلوں پر درجنوں گولے داغے، ادھر شہر کے جنوب میں تل الہوا محلے میں بارود سے بھری بکتر بند گاڑیاں دھماکے سے اڑائی گئیں۔
النصر محلے میں فائر بیلٹس استعمال کرتے ہوئے رہائشی مکانات کو تباہ کیا گیا جبکہ اسرائیلی فوجی گاڑیاں طیاروں اور ڈرونز کی فضائی ڈھانپ میں پیچھے ہٹتے ہوئے الکرامہ چوراہے تک چلی گئیں۔
غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی فوج نے ان فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جو ایک فوجی راہ داری کے قریب امدادی سامان کے انتظار میں کھڑے تھے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ وسطی علاقے میں 20 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
الزوایدہ قصبے میں ایک رہائشی مکان پر بم باری میں مزید تین افراد شہید ہوئے ، امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے تلے لا پتا افراد کو تلاش کر رہی ہیں۔
