بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 22 ستمبر کو شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد ہوگی،جس میں ہانگ کانگ، مکاؤ اور تائیوان کے نوبیاہتا جوڑوں سمیت مجموعی طور پر5ہزار نوبیاہتا جوڑے شرکت کریں گے۔
ملک میں روایتی شادیوں کی تقریب کا انعقاد آل چائنہ ویمنز فیڈریشن اور دیگر پانچ اداروں کی جانب سے کیا گیا ہے،جس کا مقصد سادگی سےشادیوں کو فروغ دینا اور شادی کے مہنگے تحائف جیسے فرسودہ رسم و رواج کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
بیجنگ میں مرکزی تقریب کے ساتھ ویڈیو کے ذریعے ملک بھر میں بیک وقت تقریبات ہوں گی۔ نوبیاہتا جوڑے شادی کی اس اجتماعی تقریب میں شرکت کے لیے فیڈریشن کے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ کے ذریعے میرج سرٹیفکیٹس کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں۔
وزارت شہری امور کے اعداد و شمارکے مطابق چین میں 2023 کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.4 فیصد اضافے کے ساتھ 76لاکھ 80ہزارشادیوں کی رجسٹریشن ہوئی تھی۔
