اتوار, اکتوبر 5, 2025
انٹرنیشنلچینی وزیراعظم چین-امریکہ تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے میں گیٹس فاؤنڈیشن...

چینی وزیراعظم چین-امریکہ تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کے لئے پرامید

چینی وزیراعظم لی چھیانگ امریکی شہر نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)

نیویارک(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بل گیٹس اور گیٹس فاؤنڈیشن چین اور امریکہ کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے تاکہ زیادہ عملی نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

چینی وزیراعطم لی چھیانگ نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے عمومی مباحثے کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کے دوران کہی۔

لی نے عالمی سطح پر غربت کے خاتمے، صحت کی خدمات، ترقی اور فلاحی کاموں میں طویل عرصے سے گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن کی وابستگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین نے صحت کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بیماریوں کی روک تھام اور طبی خدمات کا دنیا کا سب سے بڑا نظام قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے عالمی ترقیاتی تعاون میں بھی بھرپور حصہ لیا ہے۔

وزیرِاعظم لی چھیانگ نے کہا کہ عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں مختلف منصوبوں پر کام کرکے اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ سہ فریقی اور کثیر فریقی تعاون میں فعال کردار ادا کرکے چین گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے تیار ہے تاکہ عوام کو بہتر فائدہ پہنچایا جا سکے اور عالمی ترقی میں مزید حصہ ڈالا جا سکے۔

لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لئے فائدہ مند ہے۔

انہوں نے بڑھتے ہوئے عالمی مسائل کے پیش نظر دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ قریبی تعاون جاری رکھیں، عالمی نظم و نسق کو مضبوط اور بہتر بنائیں اور مل کر عالمی استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیں۔

اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ چین نے حالیہ برسوں میں سائنسی و تکنیکی جدت، مصنوعی ذہانت، طبی و صحت کی دیکھ بھال اور غربت میں کمی جیسے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی صحت کے شعبے، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں زیادہ ٹھوس تعاون کی منتظر ہے تاکہ عالمی ترقی کے مقصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔

بل گیٹس نے چین-امریکہ تعلقات کو آج کی دنیا کے سب سے اہم دو طرفہ تعلقات میں سے ایک قرار دیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ اور ان کی فاؤنڈیشن دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط اور تعاون کو فروغ دینے اور عالمی مسائل کا مل کر مقابلہ کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!