غزہ شہر کے جنوب مغرب میں بے گھر افراد کے ایک کیمپ میں فلسطینی لنگر لینے کے انتظار میں کھڑے ہیں-(شِنہوا)
عمان(شِنہوا)چین کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں فراہم کردہ خوراک کے 60 ہزار پارسلز میں سے اکثر کئی مہینوں تک پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود غزہ کی پٹی پہنچا دئیے گئے ہیں۔
اردن کی ہاشمیت فلاحی تنظیم (جے ایچ سی او) کے سیکرٹری جنرل حسین شبلی نے شِنہوا کو بتایا کہ اب تک 55 ہزار پارسل غزہ پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی امدادی سامان آئندہ چند دنوں میں روانہ کیا جائے گا۔
شبلی نے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت نے 2025 میں غزہ کے لئے تقریباً 20 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی غذائی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کی طرف سے دی گئی اس امداد کی ترسیل ممکن بنانے کے لئے اپنی پوری کوشش جاری رکھیں گے۔
یہ امداد چین کی طرف سے فوری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی گئی تھی جو فروری میں جے ایچ سی او کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر اردن میں چینی سفارت خانے اور جے ایچ سی او نے 12 ہزار فوڈ پیکجز پر مشتمل پہلا قافلہ روانہ کیا تھا۔
