او ای سی ڈی نے خبردار کیا ہے کہ تجارتی کشیدگی، مالی دباؤ اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی جی ڈی پی کی ترقی 2025 اور 2026 میں 2.9 فیصد تک کم ہونے کا امکان ہے جو 2024 میں 3.3 فیصد تھی۔(شِنہوا)
پیرس(شِنہوا)اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی)نے اپنے تازہ ترین اقتصادی جائزے میں کہا ہے کہ عالمی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 2024 کی 3.3 فیصد سے کم ہو کر 2025 میں 3.2 فیصد اور 2026 میں مزید کم ہو کر 2.9 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
او ای سی ڈی نے کہا ہے کہ اس کی گزشتہ پیش گوئی میں کمی کی وجہ یہ ہے کہ پہلے سے زیادہ کی گئی تجارت ختم ہو رہی ہے اور ٹیرف کی بڑھتی ہوئی شرحوں اور پالیسی کی مسلسل غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کاری اور عالمی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔
کمزور درمیانی مدت کی پیش گوئی کے باوجود 2025 کی پہلی ششماہی میں عالمی معیشت کی ترقی کی شرح خاص طور پر کئی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں توقع سے زیادہ مضبوط رہی۔ ٹیرف میں اضافے سے پہلے کاروباروں نے اپنی ترسیلات تیز کر دیں، جس سے صنعتی پیداوار اور تجارت عارضی طور پر بڑھ گئی۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مستقبل کے لئے خطرات اب بھی زیادہ ہیں۔ کمزور ترقی کے ممکنہ عوامل میں ٹیرف میں مزید اضافہ، مہنگائی کے دباؤ کا دوبارہ بڑھنا، مالیاتی پالیسی کے خدشات اور مالیاتی منڈیوں میں عدم استحکام شامل ہیں۔
امریکہ کے لئے جی ڈی پی کی ترقی کی شرح 2024 کی 2.8 فیصد سے کم ہو کر 2025 میں 1.8 فیصد اور 2026 میں 1.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے کیونکہ ہائی ٹیک شعبوں میں مضبوط سرمایہ کاری کے باوجود ٹیرف کے اثرات اور کم خالص امیگریشن ترقی کو سست کر رہے ہیں۔
یورو علاقے میں جی ڈی پی کی ترقی کی شرح 2025 میں 1.2 فیصد اور 2026 میں 1.0 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ اگرچہ آسان قرض کے حالات کچھ سہارا دیں گے مگر تجارتی رکاوٹیں اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث ترقی کی رفتار محدود رہے گی۔
آئندہ کے حوالے سے او ای سی ڈی نے زور دیا کہ پائیدار طور پر معیار زندگی بہتر کرنے اور مصنوعی ذہانت جیسی ابھرتی ٹیکنالوجیز کے فوائد مکمل طور پر حاصل کرنے کے لئے ساختی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
