چین کے شمالی شہر تیانجن کی بندرگاہ پر سی ایم ہانگ کانگ جہاز میں ماحول دوست میتھانول کی ری فیولنگ کی جارہی ہے-(شِنہوا)
تیانجن(شِنہوا)چین کے شمالی شہر تیانجن کی بندرگاہ پر میتھانول-دوہرے ایندھن والے "رو-رو” (رول آن/رول آف) جہاز سی ایم ہانگ کانگ نے 300 ٹن ماحول دوست میتھانول بھروایا جو ملک کے رو-رو جہاز کے لئے پہلی بار ماحول دوست میتھانول ایندھن کی فراہمی ہے۔
سائنوپیک فیول آئل سیلز کمپنی لمیٹڈ نے یہ آپریشن چین کے شمالی اندرونی منگولیا خودمختار علاقے سے حاصل کردہ گرین میتھانول کے ذریعے کیا جو ضائع شدہ ٹائروں اور حیاتیاتی مواد سے تیار کیا جاتا ہے اور روایتی ایندھن کے مقابلے میں فی بھرائی تقریباً 460 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرسکتا ہے۔
عالمی بحری جہاز رانی کی صنعت جیسے جیسے کاربن کا اخراج کم کرنے کی کوششیں تیز کر رہی ہے، صاف اور قابل تجدید میتھانول تیزی سے توجہ حاصل کر رہا ہے۔
چین کے شمال میں ماحول دوست میتھانول کی پیداوار کے بنیادی مراکز کے قریب اہم بندرگاہی شہر تیانجن اپنے ماحول دوست ایندھن کی صنعت کو فعال طور پر آگے بڑھا رہا ہے۔ بندرگاہ میں اس مقصد کے لئے خصوصی ڈھانچہ موجود ہے، جن میں مائع کیمیکلز کے لئے مخصوص برتھ، میتھانول ذخیرہ کرنے کےٹینکس اور مخصوص ریلوے لائنیں شامل ہیں۔
تیانجن انویسٹمنٹ پروموشن بیورو کے اہلکار جیانگ بنگ یو نے کہا کہ ایندھن کی یہ کامیاب بھرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ تیانجن بندرگاہ بڑے پیمانے پر ماحول دوست میتھانول کی فراہمی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ کامیابی بندرگاہوں کے لئے کم کاربن منتقلی کے عالمی عمل میں چین کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
صنعتی تجزیہ کاروں کے مطابق ماحول دوست میتھانول کو وسیع پیمانے پر اپنانے سے بحری جہاز رانی کے شعبے کی توانائی کی تبدیلی کو فروغ ملے گا جو بین الاقوامی اخراج کو کم کرنے کے اہداف میں اہم کردار ادا کرے گا۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link