چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شہر شین یانگ میں نارتھ ایسٹ فارما کی ورکشاپ میں پیراسیٹامول کی گولیاں پیک جارہی ہیں-(شِنہوا)
کینبرا(شِنہوا)آسٹریلوی حکام نے کہا ہے کہ درد کم کرنے والی دوا پیرا سیٹامول حاملہ خواتین کے لئے محفوظ ہے۔ آسٹریلوی نشریاتی ادرے (اے بی سی ) کی خبر کے مطابق یہ بیان امریکہ کی جانب سے دیئے گئے اس دعوے کے جواب میں آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پیراسیٹامول کا استعمال آٹزم کا سبب بن سکتا ہے۔
تھراپیوٹک گڈز ایڈمنسٹریشن (ٹی جی اے) جو کہ آسٹریلیا میں ادویات اور علاج معالجے کی مصنوعات کا نگران ادارہ ہے، نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فی الوقت پیراسیٹامول اور آٹزم یا پیراسیٹامول اور اعصابی نشوونما سے متعلق عوارض کے بارے میں فی الحال کوئی فعال حفاظتی تحقیقات نہیں کی جا رہیں۔
ادارے کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں پیراسیٹامول کو حمل کے دوران استعمال کے لئے زمرہ اے میں رکھا گیا ہے، یعنی یہ دوا حمل میں محفوظ تصور کی جاتی ہے۔
ٹی جی اے نے کہا کہ آسٹریلیا میں جب کسی دوا کو رجسٹر کیا جاتا ہے تو حمل کے دوران اس کے استعمال کا طبی، سائنسی اور منفی اثرات کے لحاظ سے جائزہ لیا جاتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ پیراسیٹامول جسے امریکہ میں ایسیٹامینوفین بھی کہا جاتا ہے اور عام طور پر ٹائلینول کے نام سے فروخت ہوتی ہے، اگر حاملہ خواتین استعمال کریں تو بچوں میں آٹزم کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
اس دعوے کے جواب میں آسٹریلین میڈیکل ایسوسی ایشن (اے ایم اے) نے آسٹریلوی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ طبی مشورے صرف ڈاکٹروں اور صحت کے ماہرین سے لیں۔
اے بی سی کے مطابق اے ایم اے کی صدر ڈینیئل میک مُلن نے کہا کہ یقیناً حمل کے دوران ہم ہر دوا کو کم سے کم استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن درد اور بخار کی صورت میں آسٹریلیا میں اب بھی یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ پیراسیٹامول ایک مناسب اور محفوظ انتخاب ہے جسے حاملہ خواتین استعمال کرسکتی ہیں۔
